Live Updates

متاثرین کی ہرممکنہ مدد اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہئے، مفتی فیض القادری

جمعہ 22 اگست 2025 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل کے امیر مفتی محمد فیض القادری نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے عوام کی ہر ممکنہ مدد اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے کیونکہ انسانی زندگی کی حفاظت اور دکھوں کا مداوا ہر صاحبِ اخلاق اور ذمہ دار فرد کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات جیسے بارشیں اور سیلاب نہ صرف مالی نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ انسانوں کی زندگیوں کو بھی شدید متاثر کرتے ہیں، ایسے میں حکومت کے ساتھ ساتھ فلاحی، مذہبی، سماجی اور عوامی تنظیموں کو مل کر متاثرین کی فوری اور موثر مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہر متاثرہ خاندان تک راشن، طبی امداد، عارضی رہائش اور دیگر ضروری سہولیات بروقت پہنچ سکیں۔

(جاری ہے)

مفتی محمد فیض القادری نے مزید کہا کہ یہ وقت تعصب، سیاسی اختلافات اور ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے، کیونکہ اسی یکجہتی اور ہمدردی سے قوم کو بڑے بحرانوں سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت غوثیہ اہلسنّت انٹرنیشنل ہمیشہ سے خدمت خلق اور انسانی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہی ہے اور آئندہ بھی متاثرین کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی تاکہ کوئی بھی مستحق فرد اس آزمائش میں تنہا محسوس نہ کرے۔

مفتی فیض القادری نے مخیر حضرات، طلبہ، علمی و دینی شخصیات اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ہاتھ بڑھائیں، اپنے حصے کی ذمہ داری نبھائیں اور خدمت انسانیت کے اس عظیم مشن میں بھرپور تعاون کریں تاکہ متاثرین جلد از جلد معمول کی زندگی کی جانب لوٹ سکیں اور ملک بھر میں امن، بھائی چارہ اور ترقی کا ماحول قائم ہو۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ قومی فریضہ ہے کہ ہم مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر فرد کو انصاف، مساوات اور احترام کی نظر سے دیکھا جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، خوشحال اور پرامن پاکستان کی بنیاد بنیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات