پولیس کی تفتیشی صلاحیت میں بہتری عوام کے اعتماد کی بحالی، انصاف کی بروقت فراہمی اور جرائم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی، چیف سیکرٹری سندھ

جمعہ 22 اگست 2025 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی بہتری اور پولیس کی تفتیشی صلاحیت کو مزید موثر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد اقبال میمن، سیکرٹری سروسز غلام علی برہمانی، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نعیم احمد، اسپیشل سیکرٹری سروسز سعید احمد لغاری سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ پولیس میں 2 ہزار اے ایس آئی (انویسٹیگیشن) بھرتی کیے جائیں گے تاکہ تفتیشی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے سیکرٹری سروسز کو ہدایت دی کہ بھرتیوں کے عمل میں حائل تمام بیوروکریٹک رکاوٹیں دور کی جائیں تاکہ یہ عمل شفاف، موثر اور بروقت مکمل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس کی انویسٹیگیشن برانچ کو مضبوط بنانا سندھ پولیس کے لیے ایک دیرینہ چیلنج رہا ہے، تفتیش پولیسنگ کا ایک اہم جزو ہے جسے انصاف کی فراہمی کے لیے موثر سہولیات اور وسائل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان آسامیوں کی تخلیق سندھ حکومت کا ایک اہم قدم ہے جو اس خلا کو پر کرنے اور تفتیشی عمل کو زیادہ موثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس کی تفتیشی صلاحیت میں بہتری عوام کے اعتماد کی بحالی، انصاف کی بروقت فراہمی اور جرائم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ اے ایس آئی انویسٹیگیشن کی بھرتی سے نہ صرف تفتیش کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت اور موثر کارروائی بھی ممکن ہو سکے گی۔

متعلقہ عنوان :