وزیر اعلی گلگت بلتستان کا گوپس رعوشن میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ کا دورہ

متاثرین کی مستقل آباد کاری کیلئے محفوظ مقام پر وفاقی حکومت کے تعاون سے ماڈل ویلج بنانے کا اعلان

جمعہ 22 اگست 2025 22:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گوپس رعوشن میں سیلاب سے متاثرہ علاقہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی نے متاثرین سیلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد آپ کے پاس آیا ہوں۔ سیلاب متاثرین کی مستقل بحالی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ تمام متاثرین کیلئے ٹینٹ ویلج قائم کر رہے ہیں جس میں پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

سیلاب متاثرین کی مستقل آباد کاری کیلئے محفوظ مقام پر وفاقی حکومت کے تعاون سے ماڈل ویلج بنائیں گے جس کیلئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے خصوصی سفارش کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر کہا کہ متاثرین رعوشن کے نقصانات کا پالیسی کے مطابق معاوضے دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقہ رعوشن کے متاثرین کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور ریلیف، میڈیکل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلی نے ریسکیو آپریشن فوری شروع کرنے میں کمانڈر ایف سی این اے کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بروقت اطلاع ہونے کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہوا جس پر اللہ کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ڈی سی آفس غذر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے حوالے سے دئیے جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعلی ڈپٹی کمشنر غذر کو دریا سے ملحقہ آبادیوں میں بھی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ رعوشن متاثرین کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور ریلیف فراہمی کے احکامات دیئے۔بعدازیں وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے چٹورکھنڈ میں سیلاب متاثرین اور عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ سیلاب کی وجہ سے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب متاثرین کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمرجنسی کے تحت منصوبوں پر کام کئے جارہے ہیں۔ صوبائی حکومت سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے چٹورکھنڈ کو سب ڈویژن بنانے کابھی اعلان کیا۔