Live Updates

جب بھی ملک ترقی کرتا ہے کوئی نہ کوئی گروہ انتشارپھیلانے کی کوشش کرتا ہے

مذہبی جماعت پرتشدد احتجاج کررہی ہے، شرپسندی میں ملوث 100 سے زائد مظاہرین گرفتار ہیں، مظاہرین لوٹ مار، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں چھین رہے، سیف سٹی کی مدد کارروائی کریں گے، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:13

جب بھی ملک ترقی کرتا ہے کوئی نہ کوئی گروہ انتشارپھیلانے کی کوشش کرتا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اکتوبر 2025ء ) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ جب بھی ملک ترقی کرتا ہے کوئی نہ کوئی گروہ انتشار پھیلانے کی کوشش کرتا ہے، مذہبی جماعت پرتشدد احتجاج کررہی ہے، شرپسندی میں ملوث 100 سے زائد مظاہرین گرفتار ہیں، قانونی کارروائی کریں گے۔ انہوں نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ملک ترقی کرتا ہے کوئی نہ کوئی گروہ انتشار کی کوشش کرتا ہے،مذہبی جماعت کی طرف سے پرتشدد احتجاج کیا جارہا ہے، اس وقت احتجاج کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی، برائے نام ایشو پر احتجاج کررہی ہے۔

جس نعرے کے نیچے یہ احتجاج کررہے ہیں ،اس نعرے کی ہرگز ایسی تعلیمات نہیں ہیں، مذہبی جماعت نے ایسا کوئی راستہ نہیں اپنایا جس سے شہر محفوظ ہو، مظاہرین کی کاروائیوں میں پولیس اہلکار زخمی ہوئے اور کئی لاپتا ہیں۔

(جاری ہے)

شرپسندی پھیلانے والے 100 سے مظاہرین گرفتار ہیں، یہ گروہ ملک میں صرف انتشار پھیلانا چاہتا ہے، ہم نے مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے کہ کوئی پرامن حل نکلے۔

احتجاج کا حق ریاست نے دیا لیکن توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی۔ مظاہرین شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چھین رہے ہیں، شہریوں نے 15پر کال کی کہ ان کی گاڑی چھینی جارہی ہے۔ مظاہرین نے احتجاج کے ساتھ ڈکیتیوں کا سلسلہ بھی شروع کررکھا ہے، مظاہرین نے پولیس کی گاڑیوں کو بھی چوری کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی اور دیگر کیمروں کی مدد سے شرپسند مظاہرین اور ملزمان کو تلاش کیا جارہا ہے کاروائی ہوگی۔

ریاست نے پیغام دے دیا ہے کہ پرتشدد کارروائیاں برداشت نہیں۔ مظاہرین نے کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا۔ ٹی ایل پی اگر کارکنوں کو نہیں سنبھال سکتی تو احتجاج کی کال نہیں دینی چاہیئے تھی۔ 
مزید برآں ترجمان پنجاب پولیس نے آج اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریکِ لبیک کے پرتشدد اور مسلح احتجاج کا مقصد ملک کا امن و امان برباد کرنا، عوام کیلئے مشکلات کھڑی کرنا، پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے کے علاوہ کچھ نہیں۔

یہ غزہ کے مظلوم عوام سے کسی طور پر بھی اظہار یکجہتی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ترجمان کے مطابق غزہ میں امن معاہدہ ہوچکا ہے جس سے وہاں کے مسلمان خوشیاں مطمئن  ہیں اور امن قائم ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرہے ہیں جبکہ ٹی ایل پی پاکستان میں توڑ پھوڑ کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہے۔ ایسے اقدامات سے واضح نظر آرہا ہے کہ ٹی ایل پی کو غزہ میں امن قائم سے کوئی سروکار نہیں اور یہ انتشاری روش اسرائیلی یہودیوں کے مشن کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔

احتجاج میں موجود مُسلّح جتھے پولیس اہلکاروں پر شدید تشدد کررہے ہیں اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر اپنی مظلومیت کا بیانیہ بناکر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ پولیس اہلکاروں کا اغواء اور ان پے کیا جانے والا تشدد کسی صورت فلسطین کے مسلمانوں کی ترجمانی نہ کرتا بلکہ یہ سرا سر ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے جسکی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور ریاست کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام سے اپیل ہے کہ افواہوں سے دور رہیں، شرپسند عناصر کا ساتھ نا دیں، اور امن و امان قائم رکھنے میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔
Live غزہ امن معاہدہ سے متعلق تازہ ترین معلومات