Live Updates

پاکستان میں دہشتگردوں کی واپسی اور سکیورٹی نظام کو کمزور کرنے کا اصل ذمہ دار عمران خان ہے

دہشتگردی کے سر اٹھانے کا مجرم عمران خان ہے، اس کو جواب دینا ہوگا، دہشتگردی سے شہید ہونے والے ہر پاکستانی کا لہو عمران خان کے ہاتھوں پر ہے۔ سینئروزیر پنجاب مریم اورنگزیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 11 اکتوبر 2025 21:43

پاکستان میں دہشتگردوں کی واپسی اور سکیورٹی نظام کو کمزور کرنے کا اصل ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 اکتوبر 2025ء ) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی واپسی کا اصل ذمہ دار عمران خان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ پاکستان میں واپس لانے، ان کی پشت پناہی کرنے اور قومی سلامتی کے نظام کو کمزور کرنے میں عمران خان نے بنیادی کردار ادا کیا۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا، ملک بھر میں ایک متفقہ نیشنل ایکشن پلان بنایا، اور پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر متحد کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف اس قومی پالیسی کی خلاف ورزی کی بلکہ دہشت گردوں کو دوبارہ خیبرپختونخوا میں جگہ دی، سہولتیں فراہم کیں اور ان کی سیاسی پشت پناہی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے بعد خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کی منظم پشت پناہی ہوئی، اور اس کے نتیجے میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔ اس قومی المیے کا مجرم عمران خان ہے، اور اسے ان اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ آج دہشت گردی سے شہید ہونے والے ہر پاکستانی کے لہو کا بوجھ عمران خان کے ہاتھوں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پختہ عزم و ہمت سے دہشت گردوں کے خلاف جامع اور مؤثر آپریشن شروع کیا، ملک کو دہشت گردی سے محفوظ بنایا، جبکہ عمران خان نے ان دہشت گردوں کو پناہ، رہائش اور مالی مدد فراہم کی۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج، پولیس، رینجرز، اور شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں، اور عمران خان نے ان قربانیوں کی توہین کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ساتھ دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ دہشت گردی کے خلاف بیانیے کو دوبارہ مضبوط کیا جائے، اور ملک کے دشمنوں کے سہولت کاروں کا احتساب کیا جائے تاکہ پاکستان دوبارہ امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ 
مزید برآں سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے“بری?تھ پاکستان پروگرام”کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت مؤثر اور جامع اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب کا انعقاد ڈان میڈیا گروپ کے زیرِ اہتمام کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے کلائمیٹ چینج و انوائرمنٹل پروٹیکشن مصدق مسعود ملک، یو این ریزیڈنٹ اینڈ ہیومنٹیرین کوآرڈینیٹر برائے پاکستان محمد یحیٰ، پالیسی میکرز، اسٹیک ہولڈرز، ماہرین ماحولیات، اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مارچ میں پہلی بار کلائمیٹ وژن کی منظوری دی گئی، جبکہ کلائمیٹ چینج پالیسی، ڈیٹا و اے آئی بیسڈ سسٹم، اور ملٹی سیکٹورل پلان مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔

وزیر نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں فضائی آلودگی کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ لاہور میں اس وقت 41 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز کام کر رہے ہیں۔ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ڈرونز اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے زہریلے دھوئیں کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات