کاروں کی درآمدات میں جولائی 2025 کے دوران 61.37 فیصد اضافہ

ہفتہ 23 اگست 2025 14:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) کاروں کی درآمدات میں جولائی 2025 کے دوران 61.37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق اس دوران درآمدات کی مالیت 32.803 ملین ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ جولائی 2024 کے دوران کاروں کی درآمدات کا حجم 20.327 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح جولائی 2024 کے مقابلہ میں جولائی 2025 کے دوران کاروں کی درآمدات میں 12.476 ملین ڈالر یعنی 61 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یکم جولائی 2025 سے شروع ہونے والے نئے مالی سال کے لئے حکومت نے گاڑیوں کی درآمدات پر عائد ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی شرح میں کمی کی ہے جس کے نتیجہ میں غیر ملکی گاڑیوں کی طلب میں اضافہ ہوا اور مالی سال کے آغاز پر ایک ماہ کے دوران کاروں کی درآمدی مالیت میں 61 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز (پاپام) کے حکام نے کہا ہے کہ اس وقت اندرون ملک تیار کی جانے والی گاڑیوں کے 70 فیصد پرزہ جات مقامی طور پر تیار کئے جاتے ہیں اور گاڑیوں کے سپیئر پارٹس اور دیگر سامان تیار کرنے والی صنعت 20 لاکھ کے قریب افراد کے روزگار کا سبب ہے ۔

انہوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ غیر ملکی کاروں کی درآمدات میں اضافہ کے نتیجہ میں مقامی صنعت متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس سے نہ صرف روزگار کی فراہمی متاثر ہو گی بلکہ مقامی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹو پارٹس کی بین الاقوامی صنعت کا حجم 600 ارب ڈالر ہے اور اگر پاکستان عالمی منڈی کا صرف 10 فیصد حصہ حاصل کر لے تو اس سے قومی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ پاپام کے سابق چیئرمین مشہود علی خان نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے پرزہ جات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں بہتر مقام دلانے کےلئے ایس ایم ایز کے شعبہ کی خصوصی معاونت کے ساتھ ساتھ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا ہوگا۔ \395