ٹیکسٹائلز اور کپڑے کی مجموعی قومی برآمدات میں 32.28 فیصد کا نمایاں اضافہ

ہفتہ 23 اگست 2025 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) ٹیکسٹائلز اور کپڑے کی مجموعی قومی برآمدات میں رواں مالی سال کے آغاز پر جولائی 2025 کے دوران 32.28 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق اس دوران برآمدات کی مالیت 1.68 ارب ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ جولائی 2024 میں ٹیکسٹائلز اور کپڑے کی برآمدات سے 1.27 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال 2025کے دوران ٹیکسٹائلز کی برآمدات میں 7.39 فیصد کی بڑھوتری ہوئی اور دوران سال ٹیکسٹائلز اور کپڑے کی برآمدات سے 17.887 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ مالی سال 2024 کے دوران برآمدات کی مالیت 16.655 ارب ڈالر رہی تھی۔ پی بی ایس کے مطابق جولائی 2025 کے دوران ریڈی میڈ گاڑمنٹس کی برآمدات میں 35.47 فیصد جبکہ نیٹ ویئرز کی برآمدات میں 43.50 فیصد اور بیڈ ویئرز کی برآمدات میں 38.29 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے تاہم سوتی کپڑے کی برآمدات میں 1.19 فیصد اور دھاگے کی برآمدات میں 0.57 فیصد کی بڑھوتری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے آغاز پر ایک ماہ کے دوران میڈاپ آرٹیکلز کی برآمدات میں بھی 45.38 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ تولیہ کی برآمدات میں 33.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جولائی 2025 کے دوران خیموں اور ترپالوں وغیرہ کی برآمدات میں 37.64 فیصد کی کمی ہوئی ہے اور اس دوران خام کپاس کی کوئی برآمدات نہیں کی گئیں۔ پی بی ایس کے مطابق جولائی 2025 میں سینتھیٹک فائبر کی درآمدات میں 30.63 فیصد جبکہ سینتھیٹک اینڈ آرٹیفشل سلک یارن کی درآمد میں 37.43 کا اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح ٹیکسٹائل مشینری کی درآمدات 115.42 فیصد کی نمایاں سطح تک بڑھی ہیں۔ واضح رہے کہ جولائی 2025 کے دوران مجموعی قومی برآمدات میں 16.42 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں برآمدات کا حجم جولائی 2024 کی 2.31 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں جولائی 2025 میں 2.68 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ \395