امریکی محکمہ انصاف نے گزلین میکسویل کے انٹرویو کی ٹرانسکرپٹ جاری کر دی

ہفتہ 23 اگست 2025 16:57

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) امریکی محکمہ انصاف نے جیفری ایپسٹین کی ساتھی گزلین میکسویل کے انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ جاری کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ جیفری ایپسٹین کی کوئی "کلائنٹ لسٹ" نہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ ایپسٹین کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھتے تھے مگر کبھی کسی کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار نہیں کیا۔اے ایف پی کے مطابق میکسویل، جو ایپسٹین کے لیے کم عمر لڑکیوں کی بھرتی پر 20 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں، کا گزشتہ ماہ انٹرویو ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش نے کیا۔

امریکی محکمہ انصاف نے شفافیت کے مقصد کے تحت انٹرویو کے سیکڑوں صفحات پر مشتمل ٹرانسکرپٹس اور آڈیو ریکارڈنگ جاری کی۔بلانش نے کہاکہ متاثرین کے ناموں کے سوا انٹرویو کا ہر لفظ شامل ہے، کچھ بھی حذف یا چھپایا نہیں گیا۔

(جاری ہے)

انٹرویو کے بعد 63 سالہ میکسویل کو فلوریڈا کی جیل سے ٹیکساس جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ایپسٹین 2019 میں نیویارک کی جیل میں مردہ پایا گیا تھا،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کبھی ایپسٹین کے دوست رہے اور وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ان کا نام ان "ایپسٹین فائلز" میں بھی شامل تھا، جن کا محکمہ انصاف نے جائزہ لیا تاہم ان کے خلاف کسی بدعنوانی کا ثبوت سامنے نہیں آیا۔

امریکی ایوان نمائندگان کی ایک کمیٹی نے ان فائلوں کو طلب کیا اور جمعہ کو ان کا پہلا حصہ محکمہ انصاف سے وصول کیا۔میکسویل نے انٹرویو میں کہا کہ ٹرمپ اور ایپسٹین سماجی میل جول میں دوستانہ تھے مگر وہ قریبی دوست نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی صدر کو کسی نامناسب ماحول اور نہ ہی کسی نامناسب صورتحال میں دیکھا۔میکسویل نے کہا کہ ٹرمپ ہر پہلو سے ایک شریف شخص تھے اور ان کے ہمراہ وقت کے دوران ہمیشہ نہایت خوش اخلاق اور مہربان رہے، میں ان کے صدر بننے کی غیر معمولی کامیابی کی معترف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایپسٹین نے کوئی "کلائنٹ لسٹ" نہیں رکھی اور نہ ہی کسی بااثر شخصیت کو بلیک میل کیا۔میکسویل کے وکیل ڈیوڈ مارکس نے کہا کہ انہوں نے انٹرویو میں ہر سوال کا جواب دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر لکھاکہ گزلین میکسویل بے قصور ہیں اور انہیں کبھی مقدمے کا سامنا کرنا ہی نہیں چاہیے تھا، صرف اس لیے انہیں سزا دی گئی کیونکہ جیفری ایپسٹین کی جیل میں موت کے بعد انہیں قربانی کا بکرا بنایا گیا۔یاد رہے کہ گزلین میکسویل اپنے دوست جیفری ایپسٹین سے جنسی تعلق قائم کرنے کےلیے کم عمر لڑکیاں بھرتی کرنے کے جرم میں 20 برس کی سزا قید کاٹ رہی ہے تاہم خاتون نے عدالتی فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہوئی ہے۔