بارشوں کا 8 واں اسپیل 27 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

ہفتہ 23 اگست 2025 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ، بارشوں کا 8 واں اسپیل 27 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا 8 واں اسپیل 27 اگست تک جاری رہے گا اور اس دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ ،نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ننکانہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور، رحیم یار خان،راولپنڈی، مری گلیات ،اٹک ،چکوال، جہلم، منڈی بہائوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیر آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے۔ عرفان علی کاٹھیا نے ہدا یت کی کہ1122 اور واسا سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں اورنشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریائوں کے بہائو میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کی سطح 21 فٹ ہے،دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہا ئو1 لاکھ 29 ہزار کیوسک ہے جبکہ بھارت کی جانب سے مزید پانی چھوڑے جانے کا خدشہ ہے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دریائے ستلج سے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرز دریائوں کے پاٹ میں موجود شہریوں کے انخلاء کو یقینی بنائیں،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیںشہری انتظامیہ سے تعاون کریں ،فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں،اپنی اور اہلخانہ کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ مویشیوں اور ضروری سازو سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیں۔