وزیراعلیٰ پنجاب کا دورہ جاپان صوبے کےلئے معاشی استحکام کا باعث بنے گا، میاں عبدالمنان

ہفتہ 23 اگست 2025 17:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) سابق رکن قومی اسمبلی اورمسلم لیگ ن ٹریڈرزونگ کے مرکزی صدر میاں عبدالمنان نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کادورہ جاپان صوبے کیلئے معاشی استحکام کا باعث اورجاپان کے تعلقات میں بھی سنگ میل ثابت ہوگا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم نوازشریف نے پنجاب کے ساتھ جاپان میں بھی متحرک ہوکرعوام اور حکومتی شخصیات کو بے حد متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کے لئے انہوں نے روزانہ درجنوں ملاقاتیں کی ہیں ان کی یہ انتھک کاوشیں نہ صرف قابلِ ستائش ہیں بلکہ ایک نئے سیاسی اور سماجی رجحان کی بھی عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نوازشریف کے اس دورہ جاپان نے پاکستان کے مثبت وقارکو اجاگر کیا ہے، جس سے جاپان میں مقیم پاکستانی بھی فخر محسوس کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی کی جاپانی سرمایہ کاروں اور حکومتی نمائندوں سے ملاقات سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے دورے کے دوران پنجاب کی ترقی کےلیے درجنوں منصوبوں پر بات کی ہے، جن میں صنعتی ترقی، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے منصوبے شامل ہیں، یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے صوبے کو ترقی کے ایک نئے دور میں داخل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔