ٹیوٹا کے 74 پاس آوٹس کو سعودی عرب میں ملازمت کی فراہمی

طلبہ ماہانہ دو ہزار ریال تک کما سکیں گے،رہائش میڈیکل ٹرانسپورٹیشن فری

ہفتہ 23 اگست 2025 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) ٹیوٹا کے 74 طلبہ کو سعودی عرب میں ملازمت فراہم کر دی گئی۔ آفرز لیٹر دینے کی تقریب گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ میں منعقد ہوئی۔تقریب میں سیکرٹری ایس ڈی ای ڈی نادر چھٹہ ،چیئرمن ٹیوٹا بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر ستارہ امتیاز ملٹری سمیت ٹیوٹا کے افسران طلبہ اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ایس ڈی ای ڈی نادر چھٹہ نے کہا کہ اپنے نوجوانوں کے بیرون ممالک میں روز گار کو ممکن بنانے کے عملی اقدامات کر رہے ہیں اور آج کی تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اپنے طلبہ کیلئے بیرون ممالک اچھی اجرت پر روزگار کے لئے کوشاں ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر (ر)محمد ساجد کھوکھر نے کہا کہ موجودہ پلیسمنٹ ڈرائیو کے لئے ٹیوٹا کے 24 اداروں کے پانچ سو طلبہ کو مدعو کیا گیا اور ایک پراسیس کے بعد سلیکٹ ہونے والے ان 74 طلبہ کو سعودی عرب جابز کے آفرز لیٹرز دے دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کہ ان طلبہ کی تنخواہ سولہ سو ریال ماہانہ ہو گی اور یہ اوور ٹائم کے ساتھ مزید چار سو ریال تک ماہانہ کما سکیں گے۔انہوں نے مزید بتا یا کہ ان طلبہ کی رہائش میڈیکل اور ٹرانسپورٹیشن بھی فری ہوگی جب کہ ان کو ائیر ٹکٹس بھی مفت دئیے جا رہے ہیں۔ چیئرمین ٹیوٹا نے طلبہ سے بھی تفصیلی بات چیت کی اور انہیں کہا کہ وہ وہاں اپنے ملک کے سفیر ہوں گے اور انہیں اپنے ہر عمل سے یہ ثابت کر نا ہوگا کہ وہ بہترین اخلاق اور تربیت کے حامل افراد ہیں۔انہوں نے کہا آپ کا ہر اچھا عمل دنیا میں پاکستان کے امیج کو بہتر بنائے گا۔