وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ، دارالحکومت کے لیے بڑے ترقیاتی اقدامات کی منظوری

ہفتہ 23 اگست 2025 22:19

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت   اعلیٰ سطحی اجلاس ، دارالحکومت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے لیے بڑے ترقیاتی اقدامات کی منظوری دی ہے۔ہفتہ کو سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اجلاس کے دوران نئے ٹریفک انفراسٹرکچر سے لے کر ہاؤسنگ سیکٹر کی اپ گریڈیشن اور مہمان نوازی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جس کا مقصد شہری مسائل کو کم کرنا اور رہائشیوں کے لیے شہری سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

اجلاس میں کئے گئے اہم فیصلوں میں ٹی چوک پر فلائی اوور اور شاہین چوک پر انڈر پاس کی تعمیر بھی شامل ہے جس کا سنگ بنیاد ستمبر کے اوائل میں رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے تجاوزات کے خلاف شہر بھر میں آپریشن کا حکم ددیتے ہوئے زور دیا کہ غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز، اے ڈی سی جی اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے سمیت سینئر حکام کو ذمہ داری سونپتے ہوئے متاثرہ سیکٹرز کو کلیئر کرنے کے لیے 30 ستمبر کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔

اجلاس کے دوران ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو بھی انتباہ کیا گیا کہ ضوابط پر سختی سے عمل کریں ورنہ تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اجلاس میں ڈپلومیٹک انکلیو اپ گریڈیشن پروجیکٹ کے فیز ون کی بھی منظوری دی گئی جس میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو، ملحقہ سڑکوں، باؤنڈری وال، سائیکلنگ ٹریک اور پارک سے مین انٹری وغیرہ بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جن میں زائرین کے لیے دامن کوہ کی دوبارہ تشکیل، زیر تعمیر سیکٹرز C-14، C-15، اور C-16 پر کام کو تیز کرنا اور سیکٹرز E-12 اور I-12 میں طویل عرصے سے تاخیر کا شکار ہونے والے ترقیاتی کام کو تیز کرنا شامل ہے تاکہ قبضہ الاٹیوں کے حوالے کیا جا سکے۔

محسن نقوی نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ نئے سیکٹرز C-13، D-13، E-13 اور F-13 کے لیے ایک جامع ترقیاتی منصوبہ تیار کیا جائے۔ انہوں نے اسلام آباد میں دو نئے فائیو سٹار ہوٹلوں کی تعمیر کے حوالہ سے کام مکمل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن بھی مقرر کی۔اجلاس کو دی گئی بریفنگ کے مطابق ماڈل جیل منصوبے کے پہلے مرحلے پر کام جاری ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا جبکہ کیپٹل ہاؤس کے قیام کے لیے بھی جگہ مختص کر دی گئی ہے۔اجلاس میں سی ڈی اے کے چیئرمین محمد علی رندھاوا، سی ڈی اے ممبران، ایس ایس پی آپریشنز، اے ڈی سی جی اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔