جشن ولادت محبتِ رسولﷺ کے عملی اظہار کا ذریعہ ہے،پیر ارشدکاظمی

ہفتہ 23 اگست 2025 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے عظیم الشان استقبالِ ربیع الاول ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ میلادالنبی ﷺ امتِ مسلمہ کے اتحاد، ایمان کی تجدید اور محبتِ رسول ﷺ کے عملی اظہار کا سب سے عظیم ذریعہ ہے، اس سال ولادتِ مصطفی ﷺ کو 1500 برس مکمل ہو رہے ہیں جو تاریخِ اسلام کا وہ درخشاں لمحہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی، یہ عظیم موقع اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم سب یکجہتی و اخوت کے ساتھ سیرتِ طیبہ ﷺ کے پیغام کو عام کریں اور نوجوان نسل میں عشقِ رسول ﷺ کے چراغ روشن کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان ہمیشہ ناموسِ رسالت کے تحفظ اور عشقِ رسول ﷺ کے فروغ کے لیے سرگرم عمل رہی ہے اور یہ ریلی اسی مقصد کا تسلسل ہے کہ نوجوانوں کے دلوں میں نبی کریم ﷺ کی محبت کو راسخ کیا جائے، ربیع الاول کا مہینہ ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو سیرتِ رسول ﷺ کے مطابق ڈھال کر دین و دنیا میں کامیابی حاصل کریں۔

(جاری ہے)

ریلی شاہ فیصل کالونی سے شروع ہوئی جس میں علما و مشائخ، معززین علاقہ، سماجی و فلاحی تنظیموں کے نمائندگان اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شرکاء ہاتھوں میں سبز پرچم، جھنڈے اور بینرز تھامے لبیک یا رسول اللہ کے نعرے لگاتے آگے بڑھتے رہے، فضا درود و سلام کی خوشبو اور نعتیہ کلام سے گونجتی رہی۔ریلی کے دوران مقررین نے کہا کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ نہ صرف ہماری روحانی زندگی کی تجدید ہے بلکہ یہ موقع ہمیں اتحادِ امت اور معاشرتی استحکام کی طرف بھی بلاتا ہے، آج کے دور میں امتِ مسلمہ کو سب سے زیادہ ضرورت باہمی اتحاد و محبت کی ہے اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اس کا سب سے بڑا سرچشمہ ہیں۔

ریلی کے راستے میں مختلف مقامات پر اہلِ علاقہ نے شرکاء کا والہانہ استقبال کیا، گلاب کے پھول نچھاور کیے اور گھروں و دکانوں کو برقی قمقموں اور سبز پرچموں سے سجا دیا، نعت خواں حضرات نے حضور اکرم ﷺ کی شان میں نعتیہ کلام پیش کیا جس سے سماں روح پرور بن گیا۔ شاہ فیصل کالونی کی سڑکیں سبز پرچموں اور روشنیوں سے جگمگا اٹھیں، ریلی کا اختتام اجتماعی دعا پر ہوا جس میں ملک و ملت کی سلامتی، پاکستان کی ترقی، عالمِ اسلام کے اتحاد اور امت مسلمہ کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔