سیلاب کے دوران وفاق اور پاک آرمی کی جانب سے مدد پر شکریہ ادا کرتا ہوں، بیرسٹر گوہر

ہفتہ 23 اگست 2025 20:25

بونیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے جس کا گھر یا کاروبار متاثرہ ہوا ہے اس کا ازالہ کریں گے، وفاقی حکومت اور پاک آرمی کی جانب سے مدد کرنے پر اٴْن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے خیبرپختونخوا میں 10 اضلاع متاثر ہوئے، جس میں بونیر سب سے زیادہ متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بونیر کے متاثرہ گاؤں بیشونی میں 14 بچے ابھی بھی لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے بروقت اقدامات کو سراہتا ہوں، سیلاب کے دوران جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے فی کس ادا کر رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ پاکستان آرمی کے 3 یونٹ ابھی بھی بحالی کے اقدامات میں مصروف ہیں، وفاقی حکومت کی جانب سے بونیر کے لیے اقدامات ناکافی ہیں، بونیر کے لیے آٹے میں نمک کے برابر مدد کی۔