کوئٹہ ،موبائل فون کمپنیز و دیگر اداروں کی جانب سے میٹروپولیٹن کارپوریشن سے بغیر این او سی لئے سڑکیں توڑنے کا سلسلہ جاری

ہفتہ 23 اگست 2025 21:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)کوئٹہ میں موبائل فون کمپنیز اور دیگر اداروں کی جانب سے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن سے بغیر این او سی لئے کروڑوں روپے لاگت کی سٹرکیں توڑنے کا سلسلہ جاری ہے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملہ اور پولیس اہلکارنے مبینہ طور پر سٹرکیں توڑنے کے عمل کو روکنے کے بجائے اپنی آنکھیں بند کرلیں،صوبائی حکومت بھی خاموش ہے ۔

(جاری ہے)

کوئٹہ کے بروری روڈ پر سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے سامنے سے بولان میڈیکل کمپلیکس پر ایک موبائل فون کمپنی کی جانب سے بروری روڈ اور اسکے ساتھ بنے فٹ پاتھ کو توڑنے کا سلسلہ جاری ہے اسی طرح حال میں بنائے جانے والی جیل روڈپر گیس کمپنی کی جانب سے سٹرک کو توڑا جارہا ہے اس حوالے سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے کا کہنا تھا کہ سڑکیں توڑنے کے لئے ہم سے اجازت نہیں لی گئی ہے متعلقہ علاقوں کے شہریوں کی جانب سے مطلع کئے جانے کے باوجود کیو ایم سی کے عملے اور پولیس نے روڈ کاٹنے والوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔