گورنر بلوچستان سے مسلم لیگ ن مستونگ کے وفد کی ملاقات

ہفتہ 23 اگست 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ میں اپنی طویل سیاسی جدوجہد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ ترقی کوئی منزل نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل کا نام ہے جس کیلئے مشترکہ کوششوں اور خدمت خلق کے جذبہ کی اشد ضرورت ہے، اس ضمن میں ضروری ہے کہ ہم موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے ایک روشن مستقبل کی تعمیر و ترقی کی خاطر ملکر کر کام کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پاکستان مسلم لیگ ن مستونگ کے رہنما پسند خان علیزئی کی قیادت میں مختلف سماجی اور سیاسی افراد پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام اضلاع میں یکساں اور متوازن ترقی پر یقین رکھتے ہیں لہٰذا کسی علاقے کو پیچھے نہیں چھوڑنا چاہیے، واضح رہے کہ مستونگ کے باشندے مساوی مواقعوں اور سہولیات تک رسائی کے برابر مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روز اول سے گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھے ہیں، میں اور میری ٹیم دن رات غریب اور محروم لوگوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں اور عوام کے خدشات، شکایات اور خیالات کو باقاعدہ سنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی شخصیات کو عوام میں موجود نفرتوں، دوریوں اور تنازعات کو دور کرنے کیلئے کوششیں کرناہوں گی اور اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ سب عوام برابری کی بنیاد پر دستیاب مواقع اور سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔