کراچی آرٹس کونسل کا 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان

جمعرات 28 اگست 2025 16:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)کراچی آرٹس کونسل آف پاکستان نے رواں سال بھی 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔ آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹول 2025 کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا جو 7 دسمبر تک جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ فیسٹیول میں دنیا بھر کے 102 ممالک سے تعلق رکھنے والے 800 سے زائد فنکار شرکت کریں گے۔

ان کے مطابق فیسٹیول چار مہینے قبل ہونا تھا لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی، یوم آزادی کی تقریبات اور مون سون بارشوں کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی۔تفصیلات دیتے ہوئے محمد احمد شاہ نے بتایا کہ گزشتہ سال یہ پروگرام 38 روز تک چلا اور 44 ممالک کے فنکاروں کو پاکستان لایا گیا، اسی طرز پر اس سال 102 ممالک سے دنیا کے ہر خطے سے فنکاروں کو مدعو کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیسٹیول 30 اکتوبر سے شروع ہوگا، جس میں 31 افریقی، 30 ایشیائی، 26 یورپی اور باقی ممالک کے فنکار شرکت کریں گے، یہ ایک تاریخی تقریب ہوگی۔گزشتہ سال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی 78 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا ثقافتی میلہ تھا، جس کے لیے سندھ حکومت نے تعاون کیا۔محمد احمد شاہ نے بتایا کہ اس بار 20 ممالک کے مصور اور مجسمہ ساز اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جبکہ فلموں، موسیقی، تھیٹر اور رقص کو بھی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔