رانا تنویر حسین کی کورٹیوا ایگرو سائنس پرائیویٹ لمیٹڈ کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات

وفد نے پاکستان کے زرعی شعبے میں اپنی سرمایہ کاری اور جاری اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا

جمعرات 28 اگست 2025 13:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کورٹیوا ایگرو سائنس (سنگاپور)پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت برائس اسٹرجرس، کمرشل ڈائریکٹر برائے جنوب مشرقی ایشیائی منڈیاں کر رہے تھے۔وفاقی وزیر کو کمپنی کی ہائبرڈ بیج ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی گئی جس سے زرعی پیداوار میں 32 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔

وفد نے پاکستان کے زرعی شعبے میں اپنی سرمایہ کاری اور جاری اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کا زرعی شعبہ جدید خطوط اور اختراعی طریقہ کار کا متقاضی ہے تاکہ غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ ہائبرڈ بیج ٹیکنالوجی اور جدید زرعی طریقوں کے امتزاج سے کسانوں کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ، فصلوں کے نقصانات میں کمی اور ملکی غذائی خود کفالت میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت زرعی جدت اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وزارت ہائبرڈ بیجوں کے فروغ سمیت نئے تصورات کے عملی نفاذ میں بھرپور تعاون کرے گی۔رانا تنویر حسین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دیہی معیشتوں کو مضبوط بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور زرعی برآمدات کو فروغ دینے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسان دوست پالیسیوں کے نفاذ کے لئے پرعزم ہے جن میں جدید ٹیکنالوجیز، زرعی مشینری اور موسمیاتی لحاظ سے موزوں حل مرکزی کردار ادا کریں گے۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں جدید زرعی حل متعارف کرانے پر کورٹیوا کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس نوع کی شراکت داریاں ملکی زرعی شعبے کو زیادہ پیداواری، پائیدار اور عالمی سطح پر مسابقتی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔