وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے ’شیئرڈ ڈسٹنسز‘نمائش کا افتتاح کردیا

جمعرات 28 اگست 2025 13:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بدھ کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں نوجوان گریجویٹس کی تیسری نمائش "شیئرڈ ڈسٹنسز" کا افتتاح کیا۔ مراکش کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔یہ نمائش کیوریٹر نور فاطمہ کی نگرانی میں ترتیب دی گئی ہے جس میں 40 سے زائد ابھرتے ہوئے فنکاروں کے فن پارے شامل ہیں۔

ان فنکاروں کا تعلق نیشنل کالج آف آرٹس، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور کامسیٹس یونیورسٹی سمیت جڑواں شہروں کے نمایاں اداروں سے ہے۔نمائش میں مصوری، پرنٹ میکنگ، مجسمہ سازی، منی ایچر اور انسٹالیشن آرٹ کے ذریعے موجودگی اور غیر موجودگی، قربت اور فاصلے، ماضی اور مستقبل جیسے موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نوجوان فنکاروں نے اپنی تخلیقات میں یادداشت، خواہش، صبر اور تبدیلی کے جذباتی مناظر پیش کیے ہیں۔

نمائش میں شامل فنکاروں میں امنہ وجاہت، اریبہ نعیم، فاطمہ خان، حزافہ عاصم، مشعل محسود، ندا زینب، صالحہ نسیم، سمرین رحمان، طیبہ قریشی، زکیہ عرفان خان اور زینب اکرم سمیت دیگر شامل ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پی این سی اے نوجوان فنکاروں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے ایک اہم قومی پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ثقافتی ورثے کے فروغ اور نئی نسل کے فنکاروں کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ نمائش 10ستمبر 2025تک پی این سی اے کی گیلری نمبر 5اور 6میں جاری رہے گی۔ شائقین صبح 10بجے سے دوپہر 4بجے تک نمائش دیکھ سکتے ہیں۔