Live Updates

ْمرکزی مسلم لیگ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر سندھ بھر کے کارکنان کو الرٹ رہنے کی ہدایت

جمعرات 28 اگست 2025 13:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) مرکزی مسلم لیگ سندھ کی جانب سے ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر سندھ بھر کے ذمہ داران اور کارکنان کو ہنگامی صورتحال میں مکمل الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی۔ کراچی شاہراہ فیصل پر واقع صوبائی دفتر مرکزی مسلم لیگ ہاؤس کو فلڈ ایمرجنسی سینٹر بنانے کا بھی اعلان۔ جہاں سے سندھ بھر میں امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کی جائے گی۔

مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں اچانک آنے والے سیلاب نے عوام کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں دیا، لیکن سندھ حکومت کے پاس ابھی بھی وقت موجود ہے کہ وہ بروقت اقدامات کو یقینی بنائے۔ بدقسمتی سے ماضی کے تمام بڑے سیلابوں میں سندھ حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت نے عوام کو بدترین مشکلات میں دھکیلا۔

(جاری ہے)

2010 سے لے کر حالیہ بارشوں تک نکاسیِ آب، نالوں کی صفائی اور بنیادی حفاظتی انتظامات کے حوالے سے حکومت سندھ کی ناکامی سب کے سامنے ہے۔ اگر اس بار بھی بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ایک اور انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ محض تنقید تک محدود نہیں بلکہ عملی خدمت کے میدان میں سرگرم ہے۔ اس وقت بھی مرکزی مسلم لیگ کے نوجوان سوات، بونیر اور گلگت کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں، اور ضرورت پڑنے پر سندھ میں بھی فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔فیصل ندیم نے سندھ حکومت کو خبردار کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابلِ معافی ہوگی اور مرکزی مسلم لیگ عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات