آل کوئٹہ ویمن ٹیبل ٹینس لیگ کا کامیاب انعقاد، 70 سے زائد کھلاڑیوں کی شرکت

Syed Shah Zeb Raza سید شاہ زیب رضا جمعرات 28 اگست 2025 14:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اگست2025ء) آل کوئٹہ ویمن ٹیبل ٹینس لیگ 2025 کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں 70 سے زائد خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور حصہ لیا۔ ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد خواتین کھلاڑیوں کو آگے لانا اور ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنا تھا۔ مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سخت مقابلہ پیش کیا، جس پر حاضرین نے بھی خوب داد دی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق ایڈیشنل سیکرٹری اسپورٹس، معروف سماجی شخصیت اور بلوچستان ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر حاجی اعجاز ہزارہ تھے، جبکہ ایونٹ کی آرگنائزنگ اسپورٹس بورڈ کی ٹیبل ٹینس کوچ فرح درانی نے انجام دی۔ کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے حاجی اعجاز ہزارہ نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔

(جاری ہے)

جس طرح وہ دیگر کھیلوں میں آگے بڑھ رہی ہیں، اسی طرح ٹیبل ٹینس میں بھی انہیں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا چاہیے۔

یہ کھیل نہ صرف جسمانی طور پر فعال رکھتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر فرح درانی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اسپورٹس بورڈ کی کوچ فرح درانی نے کہا کہ اس لیگ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانا اور ان کے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔ ہماری ترجیح ہے کہ خواتین کھلاڑی اپنے کھیل میں مزید نکھار پیدا کریں تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بچیوں کی پریکٹس اور کھیل کا انداز انتہائی پروفیشنل ہے اور وہ خواتین کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ تقریب کے اختتام پر جیتنے والی کھلاڑیوں میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔