جیکب آباد کے قائداعظم روڈ پر 11 ہزار وولٹیج کی تار دھماکے سے گری پڑی، شہری معجزانہ طور پر محفوظ، بجلی کا نظام درہم برہم

جمعرات 28 اگست 2025 17:19

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) جیکب آباد کے قائداعظم روڈ پر 11 ہزار وولٹیج کی تار دھماکے سے گری پڑی، شہری معجزانہ طور پر محفوظ، بجلی کا نظام درہم برہم۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر کی معروف ترین شاہراہ قائداعظم روڈ پر اچانک 11 ہزار وولٹیج کی ہائی ٹینشن لائن دھماکے کے ساتھ زمین پر جا گری تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور شہری معجزانہ طور پر محفوظ رہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ جیکب آباد میں ہائی وولٹیج تاروں کے گرنے کے واقعات معمول بن چکے ہیں ایک ماہ قبل بھی کوئٹہ روڈ پر گیارہ ہزار وولٹیج کی تار کے اسی طرح کے حادثے میں نوجوان اسد بنگلانی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، سیپکو ذرائع کے مطابق حادثات کی بنیادی وجہ پرانی اور خستہ حال تاریں ہیں جبکہ بڑھتے ہوئے لوڈ کی وجہ سے یہ آئے روز گیارہ ہزار وولٹیج کی تاریں ٹوٹ کر گرجاتی ہیں، تار گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہائی وولٹیج لائنوں کی فوری مرمت اور نئی تاروں کی تنصیب کی جائے تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے۔