چناری،بارشوں کے باعث ہونے والی شدید تباہی،راستوں کی ٹوٹ،پھوٹ

جمعرات 28 اگست 2025 22:51

ًچناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء)بارشوں کے باعث ہونے والی شدید تباہی،راستوں کی ٹوٹ،پھوٹ،ہٹیاں بالا سے ملحقہ علاقہ لودھی آباد،سیری بستی کے ہزاروں عوام دو ہفتوں سے محصور ہو کر شدیدمشکلات کا شکار،راستے بحالی کے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے احکامات نظرانداز،عوام بے یارو مددگار۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہٹیاں بالا سے ملحقہ علاقہ لودھی آباد،سیری اور اس کے ملحقہ علاقوں کے زمینی راستے چودہ اگست کو ہونے والے کلاؤڈ برسٹ اور کڑلی نالہ میں شدید طغیانی آنے کے باعث مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے ،جو دو ہفتے گذرنے کے باوجود بحال نہیں کیے گئے،راستوں کی بندش کے باعث طلباء،طالبات،مریضوں سمیت مقامی لوگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،علاقے کو ہٹیاں بالا سے ملانے والا واحد راستہ جو نالہ ہٹیاں بالا میں شدید طغیانی کے باعث مکمل تباہ ہو گیا تھا تاحال بحال نہیں کیا گیا،علاقے میں معمولاتِ زندگی مکمل طور رک چکے ہیں،شہریوں کو خوراک، پانی، ادویات، اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے،سکولوں کے طلباء ،طالبات، بیمار افراد لاچار ہو کر رہ گئے اور پورا علاقہ حکومتی توجہ سے محروم ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے ہٹیاں بالا کے ایک وفد سے ملاقات میں متاثرہ راستے کی فوری بحالی کا حکم دیا تھا،عوامی حلقوں کا مبینہ الزام ہے کہ ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی اور دیگر ذمہ داران نے اس حکم کو سنجیدہ نہ لیتے ہوئے اسے ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا،مقامی لوگوں نے وزیر اعظم،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے فوری طور پر نوٹس لینے ،لودھی آباد،نوسیری اور گردونواح کا راستہ بحالی کا ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ لودھی آباد کے مکینوں کی ایک ہی آواز ہے کہ ہمیں نظرانداز نہ کیا جائے،ہم بھی دوسرے لوگوں کی طرح یہاں کے شہری ہیں ۔