علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

جمعرات 28 اگست 2025 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ بحرین سے بزنس ویزے پر لاہور پہنچنے والے نائجیرین شہری کو مشتبہ قرار دے کر حراست میں لیا گیا، جس کے پیٹ سے 38 کوکین بھرے کیپسول برآمدہوئے۔اے این ایف حکام کے مطابق، برآمد شدہ کیپسولز سے 646 گرام کوکین نکالی گئی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں بھاری مالیت ہے۔

مشتبہ مسافر کو فوری طور پر حراست میں لے کر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں طبی معائنے کے بعد کوکین سے بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ ملزم کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کا سراغ لگانے کے لیے چھان بین کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی باشندوں، خاص طور پر نائجیرین اور افغان شہریوں کی منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے بڑھتے واقعات تشویش ناک ہیں، جو نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج ہیں بلکہ معاشرتی زوال کا سبب بھی بن رہے ہیں۔

اے این ایف نے بتایا ہے کہ وہ وزارت خارجہ کے تعاون سے متعلقہ ممالک کے ساتھ روابط میں ہے تاکہ بین الاقوامی سطح پر منشیات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔