Live Updates

بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے

مقامی ہسپتال سیلابی پانی سے بھرا ہوا تھا، اگر بروقت طبی امداد ملتی تو بچے بچ سکتے تھے؛ متاثرہ خاتون

Sajid Ali ساجد علی اتوار 31 اگست 2025 12:10

بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے
وزیرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقے وزیرآباد میں ہسپتال سیلابی پانی سے بھرگیا اور بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ وزیرآباد کے نواحی گاؤں میں پیش آیا جہاں سیلاب کے باعث راستے بند ہونے کی وجہ سے حاملہ خاتون ہسپتال نہ پہنچ سکی اور بروقت طبی امداد نہ ملنے کی وجہ سے خاتون کو اپنے 3 نومولود کے دنیا میں آنے کی خوشی کے ساتھ ہی ان کی جدائی کا غم بھی برداشت کرنا پڑگیا۔

بتایا گیا ہے کہ خاتون نے 28 اگست کو بچوں کو جنم دیا تھا کیوں کہ سیلابی پانی کے باعث خاتون ہسپتال نہیں پہنچ سکی تھی، ایک بچے کی گھر میں ڈلیوری ہوئی تو تکلیف بڑھ گئی، جس پر خاتون کو گاڑی میں کشتی تک لانے لگے تو اس دوران 2 بچوں کی پیدائش گاڑی میں ہوگئی کیوں کہ رات کا وقت ہونے کی وجہ سے کشتی بروقت اس علاقے میں نہ جاسکی جس کے باعث خاتون اور بچے ہسپتال منتقل نہ کیے جا سکے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ آکسیجن اور فوری طبی سہولت نہ ملنے سے نومولود دم توڑ گئے، جاں بحق بچوں میں 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے، اس حوالے سے متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ مقامی ہسپتال سیلابی پانی سے بھرا ہوا تھا، اگر بروقت طبی امداد ملتی تو بچے بچ سکتے تھے لیکن سب کے لیے راستے بن گئے ہمارے لیے نہ بنے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات