کمشنر کوہاٹ کی انتظامیہ کو قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

سرکاری و عوامی زمینوں اور املاک پر کسی قسم کے غیر قانونی قبضے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، معتصم باللہ شاہ

جمعرات 28 اگست 2025 19:50

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے واضح طورپر کہا ہے کہ سرکاری و عوامی زمینوں اور املاک پر کسی قسم کے غیر قانونی قبضے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔جمعرات کے روز تحصیل لاچی میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرکے زیرانتظام منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ کھلی کچہری محض نشست و برخاست نہیں ہوگی بلکہ اس کے عملی نتائج برآمد ہوں گے اور سائلین کو پیش رفت سے مسلسل آگاہ بھی رکھا جائے گا۔

کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت کا مقصد عوامی ایجنڈا کے تحت لوگوں کو براہِ راست مسائل کے حل کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرکا کہناتھا کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد اسی پالیسی کا حصہ ہے جس کے ذریعے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ اچھی حکمرانی، شفافیت، قانون کی بالادستی، اور عوامی مسائل کا بروقت حل حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر لاچی اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے حکام کے علاوہ عام لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جہاںعوام نے اپنے اجتماعی و انفرادی مسائل کھل کر پیش کئے۔ کھلی کچہری میں عام نوعیت کے مسائل موقع پر ہی حل کئے گئے جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بجلی اور گیس کی کمی اور صحت کی بنیادی سہولیات کے فقدان کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں ۔

انہوں نے موجودہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پولیس کو گشت مزید بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ عوام میں اعتماد پیدا ہو اور جرائم کے امکانات کم ہوں۔بعدازاںکمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے نادرا آفس کا دورہ کیا جہاں عوامی مسائل سنے اور موقع پر حل کئے۔ انہوں نے شفاخانہ حیوانات کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ لائیو اسٹاک کو عوام کو زیادہ سہولیات دینے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں ٹی ایم اے آفس لاچی میں جاری انتظامی اور ترقیاتی امور کا جائزہ لیا گیا اور عوامی خدمت میں مزید بہتری لانے پر زور دیا گیا۔