وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے برطانیہ کے لارڈ پال کی ملاقات، قانونی تعلیم ، قانونی اصلاحات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

جمعہ 29 اگست 2025 14:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے جمعہ کو برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ پال نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین قانونی تعلیم کو بہتر بنانے اور قانونی اصلاحات کے شعبے میں گہرے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن پاکستان بیرسٹر اسامہ ملک بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے قیمتی آرا پیش کیں۔ملاقات کے دوران فریقین نے مضبوط قانونی اداروں، عالمی تعلیمی تبادلوں اور قانونی تربیت و اصلاحات میں بین الاقوامی بہترین عملی نمونوں کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر قانون نے پاکستان میں معیاری قانونی تعلیم کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پائیدار اور موثر اصلاحات لانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

لارڈ پال نے پاکستان میں قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور قانونی تعلیم، پالیسی سازی اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے برطانیہ کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ملاقات کا اختتام اس بات پر ہوا کہ دونوں ممالک قانونی اداروں کے درمیان مسلسل مکالمے، تبادلہ پروگرامز اور مشترکہ اقدامات کے مزید مواقع تلاش کریں گے۔