Live Updates

مقبوضہ کشمیر: ضلع ڈوڈہ میں مسلسل بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی

جمعہ 29 اگست 2025 15:20

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے ضلع ڈوڈہ میں کلائوڈ برسٹ کی وجہ سے شدیدبارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔سیلاب کی وجہ سے ضلع ڈوڈہ کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کئی دنوں سے جاری شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ضلع میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اورمعمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔

بارشوں کی وجہ سے ضلع کے کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے متعدد مکانات منہدم ہو گئے ہیں ۔ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون اور اس کی بیٹی ملبے تلے دب گئیں ،تاہم مقامی لوگوں نے انہیں زندہ بچالیا۔ علاقے سے متعدد خاندان محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں ۔ مقامی لوگوں کے مطابق سیلابی پانی کی وجہ سے علاقے کے تمام پل بہہ گئے ہیں ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات