Live Updates

وائلڈلائف رینجر ز کی کارروائیاں، سیلابی ریلے میں ہرن ریسکیو ، درجنوں بٹیر اور تیتر بازیاب کرا لئے

جمعہ 29 اگست 2025 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات و ماہی پرور ی پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پرچیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی سربراہی میں صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے تحفظ و فروغ کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،ایسی ہی چند کامیاب کارروائیوں کے نتیجہ میں وائلڈ لائف رینجرز نے دریائے راوی کے خطرناک سیلابی ریلے میں بہتا ہرن ریسکیو کر لیا جبکہ صوبہ کے دیگر مقامات سے جاری کریک ڈائون کے دوران درجنوں بٹیر اور تیتر بازیاب کروا کر قدرتی ماحول میں آزاد کردیئے۔

مہمان پاڑہ ہرن جلو وائلڈلائف پارک منتقل کردیاگیا اور وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب 5 ملزمان کا چالان کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن عدنان علی ورک کے مطابق دریائے راوی کے مضافاتی گائوں جنڈیالہ کلسن کے مقامی لوگوں کی محکمہ کو اس اطلاع پر کہ سیلابی ریلے میں ایک ہرن بہتا ہوا آرہا ہے،فوری اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر شیخوپورہ سہیل اشرف کی سربراہی میں سینئر وائلڈ لائف رینجر تحصیل مریدکے رضوان اسلم کو سٹاف سمیت موقع پر روانہ کیا گیا جنہوں نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت سے سیلابی ریلے میں بہتے پاڑہ ہرن کو بحفاظت ریسکیو کیا اور طبی امداد کے بعد جلو وائلڈلائف پارک لاہور منتقل کردیا ۔

اسی طرح کی ایک دیگر کامیاب کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اٹک شاہزیب خورشید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ حضرو برڈ مارکیٹ میں چھاپے کے دوران ایک ڈیلر کے غیرقانونی قبضہ سے 04 بھورے تیتر اپنی تحویل میں لے کر اسے20 ہزار جرمانہ کیا اور تیتر قدرتی ماحول میں آزاد کردیئے جبکہ اسی طرح کی بعض دیگر کارروائیوں کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈی جی خان سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز ضلع راجن پور نے بٹیر کا غیرقانونی شکار اور کاروبار کرنے پر4 ملزمان کا چالان کیا اور ڈیلر کے غیرقانونی قبضہ سے75 زندہ بٹیر برآمد کرکے قدرتی ماحو ل میں آزاد کردیئے جبکہ بٹیر نیٹرز کے 3 ہنٹنگ گیئرز بھی اپنے قبضہ لیکر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات