حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوناہی درپیش مسائل کا حل ہے، پیر ارشدکاظمی

جمعہ 29 اگست 2025 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) تحریک اہلسنّت پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فیض رسول حیدر رضوی کی خصوصی ہدایت پر صوبائی صدر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری کی قیادت میں شاہ فیصل کالونی میں عظیم الشان استقبالِ جشن عید میلادالنبی ﷺ ریلی نکالی گئی جو علاقے کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی تحریک اہلسنّت پاکستان کے ضلعی دفتر پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے دوران عاشقانِ رسول ﷺ کا والہانہ جوش وخروش دیدنی تھا، راستے بھر جگہ جگہ عوام نے پھول نچھاور کرکے اور نعروں کی گونج میں جلوس کا پرجوش استقبال کیا۔ شرکاء نے نعرہء رسالت اور جشن آمدِ رسول ﷺ کے ترانے بلند آواز میں پڑھتے ہوئے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے شاہ فیصل نمبر تین پر ریلی کا استقبال کیا جبکہ جمیل محبوبی نے بریلی کالونی میں شرکاء کا خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح پانچ نمبر جامع مسجدقادریہ کے مہتمم اور جلوسِ عید میلادالنبی ﷺ کے روحِ رواں شہاب الدین قادری نے بھی ریلی کا شاندار خیر مقدم کیا اور ملک و ملت کے لیے دعا فرمائی۔ریلی میں تحریک اہلسنّت پاکستان کے ضلعی و مقامی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں صوبائی نائب صدر شکیل احمد قادری،صدر کراچی امجد قادری، جنرل سیکریٹری رضوان قادری، رئیس قادری، جمال قادری، شہباز قادری، عمران قادری، مسرور عالم قادری، خلیل احمد قادری اور محمد ارشد سمیت معززین علاقہ بھی شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر تحریک اہلسنّت پاکستان پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ جشن میلادالنبی ﷺ کے جلوس محض روایتی اجتماعات نہیں بلکہ ایمان، عقیدت اور اتحاد امت کا عظیم مظہر ہیں۔ آج امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل اسی میں پوشیدہ ہے کہ ہم سب حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور دین اسلام کے پیغام امن، محبت و اخوت کو عام کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک اہلسنّت پاکستان عقیدہ ختم نبوت، عشق رسول ﷺ اور تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے محاذ پر ہمیشہ صفِ اول میں کھڑی رہی ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ میلاد مصطفی ﷺ کی محافل معاشرے میں روشنی، برکت اور سکون کا ذریعہ ہیں اور ہمیں چاہیے کہ اپنی نئی نسل کو اس پیغام سے روشناس کرائیں۔ پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کے جذبے کو فروغ دیں تاکہ ملک دشمن قوتوں کی سازشیں ناکام ہوں اور وطن عزیز پاکستان امن و سلامتی کا گہوارہ بنے۔