پی ٹی آئی ارکان کے قائمہ کمیٹیز سے دیئے استعفے فوری منظور نہ کرنے کا فیصلہ

جمعہ 29 اگست 2025 19:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)حکومت نے پی ٹی آئی ارکان کے قائمہ کمیٹیوں سے دیئے گئے استعفے فوری منظور نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے پی ٹی آئی کو پارلیمانی نظام کا حصہ رہنے پر قائل کرنے کی کوششیں بھی شروع کر دیں،حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی قیادت سے رابطہ کرکے استعفے دینے کی پالیسی پر نظرثانی اور پارلیمانی نظام کا حصہ رہنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو دوبارہ بات چیت کی بھی پیشکش کی گئی، حکومت کا مؤقف ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹرطارق فضل چوہدری کے مطابق حکومت کو پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری میں کوئی جلدی نہیں،کوشش ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان پارلیمان کا حصہ رہیں اور قائمہ کمیٹیوں میں اپنا کردار ادا کریں۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بدقسمتی سے بنانے کے بجائے بگاڑ پیدا کرنا پی ٹی آئی کی فطرت ہے،سیاسی فرعونیت کی سوچ کے باعث ہی تحریک انصاف والے پارلیمان پر حملہ آور ہوتے ہیں،پی ٹی آئی کے لئے جب بھی راستہ نکلنا ہے وہ پارلیمنٹ سے بات چیت کے ذریعے ہی نکلے گا۔