Live Updates

ایس ای سی پی کی کارپوریٹ سیکٹر کو وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے سیلاب ، زلزلہ اور قدرتی آفات میں شرکت کی ترغیب

جمعہ 29 اگست 2025 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نےتمام کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے پاکستان بھر میں متاثر ہونے والی کمیونٹیز کی مدد اور بحالی کے پیشِ نظر اپنی مرضی کے مطابق وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے سیلاب، زلزلہ اور قدرتی آفات میں فعال طور پر حصہ لیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایس ای سی پی کی جانب سے جاری سرکلر میں قومی امداد اور بحالی کی کوششوں میں کارپوریٹ سیکٹر کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی امدادی رقوم کو اپنی قائم شدہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) اور ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ای ایس جی ) کی ذمہ داریوں کے تحت فراہم کریں۔ایس ای سی پی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ متاثرہ آبادی کو فوری امداد فراہم کرنے کے لئے کاروباری اداروں کی بروقت اور فعال مدد ضروری ہے، ایسی امدادی رقوم کارپوریٹ سیکٹر کے اہم کردار کو بھی تقویت دیں گی جو قوم کی پائیدار ترقی اور آفات کے خلاف مزاحمت میں ایک کلیدی شراکت دار ہے۔

کمیشن نے کارپوریٹ سیکٹر کی سماجی بہبود کے لئے جاری لگن اور اس اہم قومی مقصد میں ان کی بھرپور شرکت کو بھی سراہا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات