سیاسی جماعتوں کے سالانہ مالی گوشوارے 30 ستمبر 2025 تک جمع کرانا لازمی قرار، الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے اہم اعلامیہ جاری

جمعہ 29 اگست 2025 20:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) الیکشن کمیشن گلگت بلتستان تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو یاد دہانی کروائی ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 204 اور 210 اور الیکشن رولز 2017 کے قاعدہ 159 اور 160 کے تحت انہیں مالی سال 25-2024، جو کہ جون 2025 میں اختتام پذیر ہوا ہے، کیلئے اپنے اکاؤنٹس کے مربوط گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع کروانے ہوں گے۔

الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 210 کے مطابق ہر سیاسی جماعت مالی سال کے اختتام کے ساٹھ دن کے اندر اپنے گوشوارے فارم ڈی پر ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے ذریعے درج تفصیلات کے ساتھ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی،ان تفصیلات میں سالانہ آمدنی اور اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع، اثاثے اور واجبات شامل ہوں گے۔الیکشن کمیشن کو فراہم کی جانے والی تفصیلات پر مشتمل آڈٹ رپورٹ ایک چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی طرف سے جاری شدہ ہونی چاہیے اور پارٹی سربراہ کی جانب سے نامزد کردہ مجاز عہدیدار کے دستخط شدہ ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ میں اس امر کی تصدیق ضروری ہے کہ پارٹی کو الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کسی ممنوعہ ذرائع سے فنڈز موصول نہیں ہوئے، گوشواروں میں پارٹی کی مالی حالت سے متعلق درست معلومات شامل ہیں، دی گئی تفصیلات مجاز عہدیدار کے علم اور یقین کے مطابق درست ہیں اور یہ کہ منسلک تفصیلات چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی جانب سے آڈٹ شدہ ہیں۔گوشوارے الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق فارم ڈی پر جمع کروائے جائیں گے۔

پرنٹ شدہ فارم الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ بمقام جوٹیال گلگت کے دفتر میں دستیاب ہیں جبکہ فنڈز کے ذرائع کے لیے درکار پرفارما اور فارم ڈی الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔فارم میں اوور رائیٹنگ (over Writing) قابل قبول نہیں ہوگی۔ آڈیٹر کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی اے پی)کی جانب سے جاری کردہ رکنیت سرٹیفکیٹ اور اس کا آخری درست تجدیدی سرٹیفکیٹ فارم ڈی میں شامل کرنا ضروری ہے۔

فارم ڈی کے ساتھ مالی سال 2024-07-01 سے 2025-06-30 کی مدت کے لیے ہر بینک کیاسٹیٹمنٹ کی کاپی منسلک کرنا لازم ہے۔ یہ سٹیٹمنٹ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ گلگت بلتستان کے دفتر میں پارٹی کے مجاز عہدیدار کے ذریعے جمع کروائی جائے گی، جس کا تقرر پارٹی سربراہ کی جانب سے الیکشن رولز 2017 کے قاعدہ 156 کے مطابق کیا گیا ہو۔ڈاک، فیکس، کورئیر سروس یا کسی بھی دوسرے ذریعے سے موصول ہونے والے گوشوارے قبول نہیں کیے جائیں گے۔ یہ گوشوارے 30 ستمبر 2025 تک الیکشن کمیشن گلگت بلتستان میں جمع کروانا لازم ہے۔