Live Updates

سکھر انتظامیہ نے سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامات مکمل کر لئے

جمعہ 29 اگست 2025 21:40

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کا دریائے سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے بعد چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ کے ہمراہ دریائے سندھ کا دورہ کیا ، انہوں نے بچاؤ بند کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان، ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل، ضلع کونسل کے وائس چیئرمین اختر خان مہر اور ریسکیو 1122 سمیت دیگر اداروں کے افسران اور رضاکار بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

اس موقع پر کمشنر سکھرنے کہا کہ لوگوں کو نقل مکانی کرنے کے لیے کشتیاں کھڑی کر دی گئی ہیں، جبکہ تمام متعلقہ حکام کو عوام کی ہر ممکن مدد کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔کمشنر سکھر نے کہا کہ اس سلسلے میں سکھر انتظامیہ کی جانب سے دریائے سندھ پر کیمپس قائم کر دی گئی ہیں، انہوں نے سومرا پنہواری بند کا دورہ کر کے علاقہ مکینوں سے مسائل دریافت کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ تمام کیمپس پر میڈیکل سمیت کھانے پینے کے انتظامات کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ کشتیوں پر پئٹرول سمیت تمام اخراجات حکومت ادا کرے گی۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے مزید کہا کہ متعلقہ افسران اور پیپلز پارٹی رہنما کیمپس پر موجود رہیں گے، انہوں نے کہا کہ ضلع سکھر کی کچے میں موجود سات یونین کونسلوں کا زیر آب آنے کا امکان ہے، کچے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے کیمپس قائم کیئے جا رہے ہیں، ریلیف کیمپس میں کھانے پینے اور میڈیکل سمیت تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سید کمیل حیدر شاھ نے کہا کہ کچے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے کشتیوں کا انتظام بھی کرلیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ کونسل کا عملہ اور پیپلز پارٹی کے قائدین و کارکنان ریلیف کیمپس پر لوگوں کی دیکھ بھال کیلئے ہر وقت موجود رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کچے کے لوگوں کو آگاہی دینے کیلئے آئیں ہیں ۔ پنجاب میں تباہی پھیلانے کے بعد سیلابی ریلا سندھ میں داخل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دریائے سندہ میں سیلابی ریلا 2 ستمبر تک داخل ہوگا، گڈو بیراج پر پانی 4 ستمبر تک پہنچے گا، انہوں نے کہا کہ 4 ستمبر کے بعد گڈو اور سکھر بیراج کے درمیان بڑا سیلاب ہوگا۔ کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی اور چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے کچے کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر قائم رلیف کیمپس میں منتقل ہو جائیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات