ایگل فورس اور پولس اہلکار موٹر سائیکل سواروں اور گاڑی والوں کو رات کی تاریکی میں روک کر ان کے کاغذات چیک نہیں کرسکتے ، اعتزاز گورایہ

جمعہ 29 اگست 2025 21:45

؁ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ اعتزاز احمد گورایہ نے کہا ہے کہ ایگل فورس اور پولس اہلکار موٹر سائیکل سواروں اور گاڑی والوں کو رات کی تاریکی میں روک کر ان کے کاغذات چیک نہیں کرسکتے تمام ایس ایچ اوز اس حوالے سے انہیں سختی سے ہدایت کریں جو شریف شہریوں کو کاغذات چیک کرنے کے بہانے روک کر ان سے پیسے لینے کی شکایت موصول ہوئی تو ایس ایچ او کو معطل کردیا جائے گا۔

یہ پیغام تمام پولیس اہلکاروں تک پہنچنا چاہئے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا پر جاری کردہ آڈیو پیغام میں کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایگل اسکواڈ کے اہلکار اور پولیس کے جوان رات کی تاریکی میں اندھیرے میں کھڑے ہوکر شریف شہریوں کو روک کر ان کی گاڑیوں کے کاغذات چیک نہیں کر سکتے انہوں نے کہاکہ ایگل فورس اور پولیس کا کوئی بھی جوان دورانِ ڈیوٹی شہریوں کی گاڑی یا موٹرسائیکل کے کاغذات طلب نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

کیونکہ پولیس کا مقصد عوامی سہولت کو یقینی بنانا اور غیر ضروری پریشانی سے بچانا ہے۔ شہریوں کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ حکم جاری کیا گیا تاکہ ایگل فورس صرف اپنی اصل ذمہ داری یعنی گشت اور سکیورٹی معاملات پر توجہ دیں۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور کاغذات کی جانچ صرف ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہے، ایگل فورس کے جوان اس عمل میں مداخلت نہیں کریں گے تمام ایس ایچ اوز اس پیغام کو ماتحت عملے تک پہنچائیں جو اہلکار اس حکم کی عدولی میں ملوث پایا گیا تو ایس ایچ او معطل کردیا جائے گا