چین کے ساتھ پاکستان کی سٹریٹجک شراکت داری اعتماد پر مبنی ہے، وزیر خارجۃ

ہفتہ 30 اگست 2025 16:43

چین کے ساتھ پاکستان کی سٹریٹجک شراکت داری اعتماد پر مبنی ہے، وزیر خارجۃ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہیچین کے ساتھ پاکستان کی سٹریٹجک شراکت داری اعتماد پر مبنی ہے،ہم صدر شی جن پنگ کی قیادت ، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو ، عالمی ترقی، سلامتی اور تہذیب کے حوالے سے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تیانجن اور بیجنگ میں وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایس سی او کے سربراہان مملکت کے اجلاسوں میں پاکستان کی شرکت سے پہلے نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سی جی ٹی این کی گلوبل ساؤتھ وائسز پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا جس میں پاک چین تعلقات کی گہرائی اور ہمارے خطے کے لیے ایس سی او کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا چین کے ساتھ پاکستان کی ہمہ موسمی سٹریٹجک شراکت داری اعتماد اور سٹریٹجک صف بندی پر مبنی ہے، ہم صدر شی کی قیادت ، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو، عالمی ترقی، سلامتی اور تہذیب کے حوالے سے ان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم ایک اہم یوریشین پلیٹ فارم بن گیا ہے جو باہمی اعتماد اور مشترکہ ترقی کے اصولوں کے تحت سلامتی، تجارت، توانائی، رابطے اور ثقافت میں تعاون کو آگے بڑھا رہا ہے، آج کی کثیر قطبی دنیا میں کثیرالجہتی، استحکام اور جامع ترقی کو فروغ دینے میں ایس سی او کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

اسحاق ڈار نے چین کے لیے اہم ترین کانفرنس کی میزبانی میں ہر طرح کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا ہم چینی قیادت اور شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے سربراہان کے ساتھ اعلیٰ سطحی تعمیری بات چیت کے بھی منتظر ہیں۔