Live Updates

لاہور میں موسلادھار بارش، جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں پانی بھر گیا

بارش کے دوران ایمرجنسی وارڈ کی سیلنگ سے بارش کا بانی آنا شروع ہوا جس کی وجہ سے مرضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 اگست 2025 16:21

لاہور میں موسلادھار بارش، جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں پانی بھر گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے داارلحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کے بعد جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں پانی بھر گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی داارلحکومت میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث جناح اسپتال لاہور کی ایمرجنسی میں پانی جمع ہو گیا، اس کے علاوہ ہسپتال کے حال ہی میں تزئین و آرائش کیے جانے والے حصوں میں بھی پانی جمع ہوگیا جہاں سیلنگ سے بارش کا پانی بہنا شروع ہوا، اس صورتحال کی وجہ سے جناح ہسپتال کے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آپ کی کوششوں کا آغاز کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ملک میں مون سون کا نیا سپیل آگیا جس کے باعث لاہور سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، اس دوران لاہور کے علاقے کاہنہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد دم توڑ گئے، فیروزوالہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی اور 3 افراد زخمی ہوئے جب کہ فیصل آباد، نارووال، فیروز والا، بہاولنگر سمیت صوبہ پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، اسی طرح ملکہ کوہسار مری میں بھی وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہوئی، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، میر پور اور باغ میں تیز بارش ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا، ایبٹ آباد سمیت خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں مین بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

بتایا جارہا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کیا، ممکنہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہفتے سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، پنجاب کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع بشمول لاہور اور سیالکوٹ میں اتوار اور پیر کو برسات کا امکان ہے، وسطی اور جنوبی پنجاب میں بھی آئندہ چند روز بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات