گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے امریکہ کے نئے تعینات قونصل جنرل چارلس گڈمن کی ملاقات

ہفتہ 30 اگست 2025 16:37

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے امریکہ کے نئے تعینات قونصل جنرل چارلس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے امریکہ کے نئے تعینات قونصل جنرل چارلس گڈمن نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت بیرونی سرمایہ کاروں کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور پاکستان خصوصاً سندھ میں امریکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے گورنر انیشیٹیوز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ امید کی گھنٹی کے ذریعے عوامی مسائل فوری طور پر حل کئے جاتے ہیں، راشن ڈرائیو کے تحت لاکھوں افراد میں راشن تقسیم کیا جا چکا ہے جبکہ گورنر ہاؤس میں 50 ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کی جدید تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ ہزاروں طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے ہیں اور نوجوانوں کو بہترین بزنس پروپوزلز پر قرضہ حسنہ بھی دیا جا رہا ہے۔

قونصل جنرل چارلس گڈمن نے پاکستانی کھانوں کی تعریف کی جس پر گورنر سندھ نے مل کر کھانا بنانے کی آفر دی اور انہیں کراچی کی فوڈ اسٹریٹ (بزنس روڈ) کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ قونصل جنرل نے کہا کہ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ قونصل جنرل چارلس گڈمن نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی جاری فلاحی و عوامی سرگرمیوں کو بہت سراہا اور کہا کہ گورنر انیشیٹیوز عوامی فلاح و بہبود کی شاندار مثال ہے۔ امریکی قونصل جنرل نے تاریخی گورنر ہاؤس کے دورے کو اپنے لئے اعزاز قرار دیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کئے۔ آخر میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انہیں شیلڈ، جناح کیپ اور شال پیش کی۔