Live Updates

راوی میں سیلابی صورتحال سے لاہور سٹی ،رائیونڈ کے متاثر ہونے کا خدشہ تاحال موجود

بھارت کے تھین ڈیم سے بھی پانی کا اخراج متوقع ہے‘ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی

جمعہ 29 اگست 2025 20:15

راوی میں سیلابی صورتحال سے لاہور سٹی ،رائیونڈ کے متاثر ہونے کا خدشہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے نے دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کی شدت کا الرٹ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سٹی اور رائیونڈ متاثر ہو سکتے ہیں، 30 اگست تا 3 ستمبر دریائے راوی کے بالائی ملحقہ علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے ، بھارت کے تھین ڈیم سے بھی پانی کا اخراج متوقع ہے جبکہ سیلابی ریلوں کی آمد کے باعث دریائے راوی کے بہاو میں نمایاں اضافے کا امکان موجود ہے ۔

دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر اس وقت 1لاکھ62 ہزار کیوسک کا بہا ئوموجود ، 2سے 3 ستمبر کے دوران یہ سیلابی ریلا سدھنائی پہنچے گا جہاں 1لاکھ 50 ہزار کیوسک تک بہا ئومتوقع ہے ، سدھنائی کے مقام پر یہ سیلابی ریلا شدید سیلابی صورتحال پیدا کر سکتا ہے، دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سٹی اور رائیونڈ متاثر ہو سکتے ہیں، قصور،پتوکی،اوکاڑہ،رینالا خورد، دیپالپور، گوگرا، تاندیانوالہ، کمالیہ، پیرمحل، اڈا حکیم بھی متاثر ہونے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں و سیلاب سے نقصانات کی تفصیل جاری کر دی ہے جس کے مطابق گزشتہ چو بیس گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں ،جاں بحق افراد میں سے 22 کا تعلق پنجاب، ایک کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے ۔این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے 29 اگست تک جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 842 ہو گئی، بارشوں اور سیلاب سے اب تک مجموعی طور پر 1117 زخمی ہوچکے ہیں ، پنجاب میں 204،خبیرپختونخوا ہ میں 479 ، سندھ 57 اور بلوچستان میں 24 افراد جاں بحق ہوئے، گلگت بلتستان میں 41، آزاد کشمیر 29 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے ۔

گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سیلاب سے مزید 317 گھروں کو نقصان پہنچا، 26جون سے ابتک 8975 گھروں کو نقصان پہنچا اور 6138 مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات