Live Updates

پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں اسکولوں کوبند کرنے یا کھولنے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو سونپ دیا گیا

ڈپٹی کمشنرز سیلابی صورتحال کے پیش نظر چھٹیوں کا اعلان کرسکیں گے، محکمہ سکولز ایجوکیشن کا نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 اگست 2025 20:12

پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں اسکولوں کوبند کرنے یا کھولنے کا اختیار ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 29 اگست 2025ء ) پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں اسکولوں کو بند کرنے یا کھولنے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو سونپ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سکولز ایجوکیشن کے جاری نوٹیفکیشن کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلاب کی صورتحال کے باعث اسکول بند کرنے یا کھولنے کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کو سونپ دیئے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سیلابی صورتحال کو دیکھتے ہوئے متعلقہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز چھٹیوں کا اعلان کرسکیں گے۔ یاد رہے لاہور ڈویژن میں سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں 16 کالجز کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر کالجز کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 16 کالجز میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 29 اور 30 اگست کو مختلف علاقوں میں کالجز بند رہیں گے۔ ان علاقوں میں شاہدرہ، چوہنگ اور بند روڈ ، شرقپور شریف، فیروزوالہ، خانقاہ ڈوگراں اور نارنگ منڈی کے کالجز میں چھٹی کی گئی ہے۔ اسی طرح ننکانہ صاحب کے علاقوں منڈی فیض آباد اور سید والا کے میں بھی کالجز میں 2 روز کی چھٹی کردی گئی ہے۔ قصور کے علاقے کنگن پور میں بھی کالجز بند رکھنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔

یاد رہے سیلاب سے متاثرہ کچھ علاقوں میں سکول بھی بند کردئیے گئے ہیں۔ دوسری جانب دریائے راوی میں تاریخ کی سب سے بلند ترین پانی کی سطح ریکارڈ کی گئی۔ شاہدرہ میں گزشتہ سات گھنٹوں کے دوران دو لاکھ 20ہزار کیوسک پانی کا نکاس ہوا۔ دریائے راوی میں پانی کا بہاؤ 211330 سے 219760 کیوسک رہا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر وزراءبھی متعلقہ اضلاع میں ریلیف سرگرمیوں شامل ہورہے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں سے 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار سے زائد افراد کا محفوظ انخلا مکمل کیا گیا۔ 9646 افراد کی ریسکیو ٹرانسپورٹیشن، 729 بوٹس اور 2897 ریسکیورز آپریشن میں شامل ہیں۔ تھیم پارک، موہلنوال، مرید وال، فرخ آباد، شفیق آباد، افغان کالونی، نیو میٹر سٹی اور چوہنگ ایریا سے محفوظ انخلا کیا گیا۔ طلعت پارک بابوصابو میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ لاچیوالی سکول کے ریلیف کیمپ میں 70 سے زائد افراد مقیم ہیں۔ پارک ویو ہاؤسنگ سوسائٹی کے چار بلاکس میں پانی داخل ہونے پر تمام رہائشیوں کو بروقت نکال لیا گیا۔ 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات