Live Updates

صوبائی وزیر قانون تحصیل کوٹ مومن میں سیلابی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ریسکیو بوٹ پر بیٹھ کر متاثرہ بستیوں تک جا پہنچے

ہفتہ 30 اگست 2025 14:30

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے تحصیل کوٹ مومن میں سیلابی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ریسکیو بوٹ پر بیٹھ کر متاثرہ بستیوں تک جا پہنچے جہاں خود پانچ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔انہوں نے طالب والا پل پر دریائے چناب کے بہا کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں سے پانی کی صورتحال پر تفصیلی رپورٹ لی۔

ڈپٹی کمشنر نے ریلیف سرگرمیوں اور متاثرہ افراد کے انخلا سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ کوٹ مومن کے متاثرہ پوائنٹ سے اب تک 4500 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرگودہا کی فیلڈ فارمیشن مکمل طور پر متحرک ہے۔ متاثرہ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، ریلیف کیمپ قائم کرنے اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرنے ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا، جہاں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک، پینے کے پانی، خیمے اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرین کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ کوٹ مومن کے مقام پر پانی کے بہا میں واضح کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر متاثرہ علاقوں کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِاعلی پنجاب کی قیادت میں حکومت کی تمام ٹیمیں متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔ مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت، رضاکار اور تمام ادارے دن رات فیلڈ میں موجود ہیں۔ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات