سعودی وزیر کا دورہ امریکا،معروف کمپنی سے کان کنی میں تعاون بارے بات چیت

غیر روایتی ذرائع سے لیتھیم نکالنے کی جدید ترین ٹیکنالوجیز بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 30 اگست 2025 15:13

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)سعودی عرب کے وزیر برائے صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے شمالی کیرولینا میں امریکی کمپنی البی مارلے کے چیئرمین اور سی ای او کینٹ ماسٹرز سے ملاقات کی اور کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور لیتھیم نکالنے کی ٹیکنالوجیز منتقل کرنے کے مشترکہ مواقع بارے تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقات سعودی وزیر صنعت کے امریکا کے سرکاری دورے کا حصہ تھی۔

(جاری ہے)

دورے میں معدنیات کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے اہم مواقع، تجربات و علم کے تبادلے ، الیکٹرک وہیکلز اور جدید صنعتوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے غیر روایتی ذرائع سے لیتھیم نکالنے کی جدید ترین ٹیکنالوجیز بارے بات کی گئی۔بندر الخریف نے البی مارلے کمپنی کی کنگز مانٹین کان کا دورہ بھی کیا جو امریکا میں سخت چٹانوں سے لیتھیم نکالنے والی نمایاں کانوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے لیتھیم نکالنے اور پیداوار کی جدید ترین ٹیکنالوجیز، لیتھیم کو لیتھیم ہائیڈرو آکسائیڈ میں تبدیل کرنے کے عمل اور الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹریوں کی صنعت میں سپلائی چین کو بہتر بنانے کے لیے دھات کی پراسیسنگ کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ اس کان کا مقصد 2030 تک سالانہ 1.2 ملین گاڑیوں کے لیے لیتھیم کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔