کراچی میں بارش کی پیشگوئی پر این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کے متضاد دعوے سامنے آگئے

ہفتہ 30 اگست 2025 15:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) شہر قائد میں بارش کی پیشگوئی کے حوالے سے این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کے بیانات میں تضاد سامنے آگیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی کے موسم کی صورتحال کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ شہر میں رواں ہفتے تیز بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے جبکہ جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

(جاری ہے)

شہر میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس کی جا رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم ای)نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا تھا۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور اور دادو سمیت دیگر علاقوں میں بھی اسی دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کراچی میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔