شہر میں ہونے والی بارش کے دوران صفائی انتظامات کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز شہر کی تمام شاہراہوں اورچوکنگ پوائنٹس پر الرٹ رہے،ترجمان

ہفتہ 30 اگست 2025 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب ویژن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی آپریشن ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔شہر میں ہونے والی بارش کے دوران موثر صفائی انتظامات کے لیے سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پر ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز شہر کی تمام شاہراؤں اورچوکنگ پوائنٹس پر الرٹ رہے اور ویسٹ کلیئرنس کو یقینی بنایا۔

ترجمان کے مطابق جیل روڈ، مال روڈ، داتا دربار، سرکلر روڈ، ایک موریہ پل، دو موریہ پل، میکلوڈ روڈ پر صفائی آپریشن پر ورکرز تعینات رہے۔لکشمی چوک، شادمان مارکیٹ، گلبرگ، برکت مارکیٹ،ایوان تجارت، بیڈن روڈ بازار، ٹیمپل روڈ پرصفائی آپریشن ٹیمیں متحرک رہی۔شہر میں نصب ایل ڈبلیو ایم سی کے 6000 سے زائد ویسٹ کنٹینرز معمول کے مطابق کلیئر کیے گئے جبکہ لوڈر رکشوں کی مدد سے گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کا عمل بارش کے دوران بھی جاری رہا۔

(جاری ہے)

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب کا کہنا تھا کہ شہر لاہور کی صفائی میں کوتاہی کسی صورت قابل قبول نہیں۔لاہوریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول کی فراہمی ہی اولین ترجیح ہے۔شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں ۔