Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فلڈ ریلیف آپریشن کو نہایت منظم اور جامع انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے، سپیشل سیکرٹری صحت

ہفتہ 30 اگست 2025 17:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر اعلیٰ افسران نے سیلاب متاثرین کی بروقت امداد اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے قائم کئے گئے فلڈ ریلیف کیمپس اور میڈیکل کیمپس کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سیالکوٹ ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ ، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شکیل احمد نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران افسران نے فلڈ ریلیف کیمپس میں مقیم متاثرہ افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر موجود انتظامیہ کو ضروری ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

متاثرین نے حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت نے ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ کیمپس میں مرد، خواتین اور بچوں کے لئے الگ الگ سہولت کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں، جہاں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے کی ٹیمیں دن رات متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔

سپیشل سیکرٹری صحت و آبادی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فلڈ ریلیف آپریشن کو نہایت منظم اور جامع انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی متاثرہ شخص کو ادویات یا علاج کی سہولت میں کمی نہیں آنے دی جائے گی اور ایمرجنسی بنیادوں پر ادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کیمپس میں قائم فارمیسی، ایمرجنسی رومز اور آؤٹ ڈور کلینکس کا بھی دورہ کیا اور ڈاکٹروں سے کارکردگی رپورٹ طلب کی۔

ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے کہا کہ محکمہ صحت نے صوبے بھر میں ایک مربوط حکمت عملی اپنائی ہے تاکہ سیلاب متاثرین کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیکل کیمپس میں جنرل فزیشنز کے ساتھ ساتھ ماہر امراض چشم، ماہر امراض اطفال، اور گائناکالوجسٹ بھی تعینات ہیں تاکہ خواتین اور بچوں کو خصوصی توجہ دی جا سکے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سیالکوٹ نے کہا کہ ضلع بھر میں فلڈ ریلیف کیمپس کو فعال کر دیا گیا ہے اور ریسکیو 1122 کے تعاون سے سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہزاروں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا جا چکا ہے جبکہ ویکسینیشن مہم بھی جاری ہے تاکہ وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ نے اس موقع پر کہا کہ ہسپتال سے سینئر ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کی ٹیمیں فلڈ ریلیف کیمپس میں ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔

ایمرجنسی میں آنے والے تمام مریضوں کو ہسپتال میں فوری داخل کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی سہولت سے محروم نہیں رکھا جا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خون کی کمی اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے لئے خصوصی یونٹس قائم کئے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو بہترین علاج فراہم کیا جا سکے۔وفد نے فلڈ ریلیف کیمپس اور میڈیکل کیمپس میں محکمہ صحت کی جانب سے کئے گئے شاندار انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور وہاں موجود عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن امداد فراہم کرتی رہے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات