موسلادھار بارش سے نظام زندگی مفلوج، ایک شخص جاں بحق،پانی گھروں، مارکیٹوں میں داخل

بجلی کا ترسیلی نظام درہم برہم،نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں واسا کا عملہ نکاسی آب میں مصروف رہا ،سب سے زیادہ سب سے زیادہ بارش نشترٹائون میں 105 ملی میٹرر یکارڈ کی گئی

ہفتہ 30 اگست 2025 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا، پرانی انارکلی میں مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا،موسلا دھار بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، کئی مقامات پر پانی گھروںاور مارکیٹوں میں داخل ہو گیا ،نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ، شاہراہو ں پر پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوتی رہیں جس سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔

شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور فیڈرز ٹرپ کر جانے سے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔جوہرٹائون،واپڈاٹائون،گلبرگ،فیروز پور روڈ، کینال روڈ، مسلم ٹائون ، گڑھی شاہو ، ریلوے اسٹیشن ، وحدت روڈ سمیت دیگر علاقوں میں طوفانی بارش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے۔

(جاری ہے)

موسلا دھار بارش سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیںواسا کے مطابق شہرسب سے زیادہ بارش نشترٹائون میں 105ملی میٹرر یکارڈ کی گئی،گلشن راوی میں 92ملی میٹر،چوک ناخدا میں 91 ،فرخ آبادمیں85ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی،سمن آبادمیں 78لکشمی چوک میں 80ملی میٹر بارش ہوئی،اقبال ٹائون میں 95ملی میٹر اورتاج پورہ میں 90ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گلشن راوی میں دیوارٹوٹنے سے نشیبی علاقوں کا پانی پارک میں داخل ہو گیا ۔