فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 1لاکھ 8ہزار لٹر جعلی دودھ تلف ، تین ملزمان گرفتار

ہفتہ 30 اگست 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر فوڈاتھارٹی نے تاریخ کی بڑی کارروائی کی، جعلی دودھ سپلائی کرنے والے غذائی دہشتگردوں کا گروہ پکڑا گیا، ڈاکٹر آصف، عبدالروف، اظہر اقبال، فاروق اور 3 نامعلوم افراد بہاولنگر میں جعلی دودھ تیار کر کے سپلائی کرتے تھے، ملزمان نے لاہور، اسلام آباد راولپنڈی، چکوال، فیصل آباد، بہاولپور میں جعلی دودھ سپلائی کرنے کا اعتراف کیا۔

تفصیلات کے مطابق 1لاکھ 8ہزار لٹر جعلی دودھ تلف کرکے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا اور 6 مقدمات درج کرواکے 6سپلائر گاڑیاں، ڈرم، برتن، مشینیں، چولہے، آئل پمپ،مکسنگ مشینیں، پلنجر، گھی ٹین ضبط کیے گئے۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملک سپلائرز کیخلاف آپریشن کیا، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے طویل ریکی کے بعد گاڑیوں، سپلائر اور یونٹ کا پتہ لگایا،ملزمان اپنے ریفریکٹومیٹر پر ٹیسٹنگ کے بعد اصل جیسا جعلی دودھ تیار کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈاتھارٹی نے بتایا کہ فیصل آباد، راولپنڈی،چکوال، بہاولنگر اور لاہور میں جعلی دودھ پکڑا گیا۔موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل،سپلائرز کا جعلی دودھ بنا کر سپلائی کرنے کے اعتراف پر کارروائیاں کی گئیں،سیمپل ٹیسٹ میں دودھ میں پاوڈر ، پانی اور ویجیٹیبل گھی کی ملاوٹ پائی گئی۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعلی دودھ موقع تلف کر کے گاڑیاں ضبط کر کے مقدمات درج کروا دئیے گئے۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کامیاب کارروائی پر ڈی جی فوڈاتھارٹی اور ٹیموں کو سراہا۔ ڈی جی فوڈاتھارٹی عاصم جاوید نے مزید کہا کہ دودھ کے نام پر سفید محلول کا دھندہ کرنے پر مقدمات درج کروائے جارہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر ملاوٹ مافیا کے خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، دودھ سپلائرز مقرر کردہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں، خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں ہے۔