Live Updates

صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کا شاہدرہ فرخ آباد میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

ہفتہ 30 اگست 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے رکن صوبائی اسمبلی غزالی بٹ کے ہمراہ شاہدرہ فرخ آباد میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا ۔ صوبائی وزیر نے ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی ۔ صوبائی وزیر نے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اس موقع پرمتعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو ریسکیو آپریشنز بارے بریفنگ دی ۔

خواجہ عمران نذیر نے ریلیف کیمپ میں دستیاب طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور عملے کو ہدایات جاری کیں ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی وزرا سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں فلڈ ریلیف کیمپس مکمل فعال ہیں ، تمام ریلیف کیمپوں میں کلینک آن ویلز موجود ہیں اورریلیف کیمپوں میں جان بچانے والی تمام ادویات فراہم کی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں کوئی وبا ءنہیں پھیلی، صفائی اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت و آبادی کی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ و دیگر الائیڈ محکموں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں ۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی نے کہاکہ وقت مشکل ضرور ہے پر ہر مشکل کی طرح اس کا بھی سامنا کریں گے اور مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ فلڈ کنٹرول سیل 24 گھنٹے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کو مانیٹر کر رہا ہے۔ محکمہ صحت و آبادی کے تمام ہسپتال کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ ہیں ۔ تمام ڈپٹی کمشنرز اور دیگر ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں موجود ہیں ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات