حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کے پہلے راؤنڈ کے میچوں کے دوسرے روز بھی بیٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

ہفتہ 30 اگست 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کے پہلے راؤنڈ کے میچوں کے دوسرے روز بھی بیٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پی سی بی کے مطابق فیصل آباد کے عبدالصمد نے لاہور بلیوز کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ علی شان نے بھی 83 رنز بنائے جبکہ عرفان خان اور ابتسام الرحمن نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔

لاہور بلیوز کی پہلی اننگز میں محمد سلیم 60 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ راولپنڈی اور فاٹا کے میچ میں عبدالفصیح، عفان اسحق، عاقب شاہ اور عاطف خان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ فاٹا کے باؤلر ثمین گل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حیدرآباد کے بیٹرز نے کراچی وائٹس کے خلاف زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 637 رنز بنا ڈالے۔

(جاری ہے)

رضوان محمود 189، محمد سلیمان 159 اور علی شان 100 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ آزاد جموں و کشمیر نے کوئٹہ کے خلاف پہلی اننگز میں بہتر کھیل پیش کیا۔ حسنین شامیر نے شاندار سنچری اسکور کی جبکہ حسن رضا نے 87 اور عمر حیات نے 53 رنز بنائے۔ ملتان کی ٹیم نے کراچی بلیوز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ زین عباس نے شاندار سنچری بنائی جبکہ وقار حسین نے 85، شرون سراج نے 83 اور عرفات منہاس نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈیرہ مراد جمالی اور لاڑکانہ کے درمیان میچ میں تیمور خان نے نصف سنچری اسکور کی جبکہ لاڑکانہ کے لیگ اسپنر زاہد محمود نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔