کراچی، نئی بارشوں سے قبل عملی اقدامات کیے جائیں، شمسہ مہ جبین

ہر سال بارشوں سے قبل دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن بارش شروع ہوتے ہی نکاسی آب کا پورا نظام ناکام ہو جاتا ہے،صدر صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر

اتوار 31 اگست 2025 12:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی صدر شمسہ مہ جبین نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے لیکن سرکاری ادارے تاحال عملی اقدامات کرنے کے بجائے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی روش جاری رہی تو خدشہ ہے کہ ایک بار پھر شہر ڈوب جائے گا اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال بارشوں سے قبل حکومتی اجلاس اور دعوے تو کیے جاتے ہیں لیکن بارش شروع ہوتے ہی نکاسی آب کا پورا نظام ناکام ہو جاتا ہے۔ نالے ابلنے لگتے ہیں، سڑکیں اور گلیاں دریا کا منظر پیش کرتی ہیں اور شہری گھروں میں محصور ہو کر اذیت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

شمسہ مہ جبین نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی بارشوں کے دوران ضلع وسطی، کورنگی، ملیر، نارتھ کراچی اور صدر سمیت متعدد علاقے زیرِ آب رہے۔

شہری بجلی اور پینے کے پانی سے محروم ہوئے جبکہ اسپتالوں اور تعلیمی اداروں تک جانے والے راستے بند ہوگئے اور مختلف وبائی امراض تیزی سے پھیلنے لگے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نکاسی آب کے نالوں کی فوری صفائی کی جائے، پمپنگ اسٹیشنز کو فعال رکھا جائے اور ایمرجنسی مراکز قائم کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں شہریوں کو فوری ریلیف مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور صاف پانی کی فراہمی، ادویات اور طبی سہولیات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ شہری بیماریوں اور وباں سے محفوظ رہ سکیں۔شمسہ مہ جبین نے مزید کہا کہ بارش کے دوران سب سے زیادہ نقصان غریب اور متوسط طبقے کو اٹھانا پڑتا ہے، جن کے گھروں میں پانی داخل ہو جاتا ہے اور روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ جاتی ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے پرزور اپیل کی کہ نئی بارشوں سے پہلے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ کراچی ایک اور تباہ کن صورتحال سے محفوظ رہ سکے۔